تحریر کے لیے سافٹ وئیرز, مقالہ نگاروں کی تکنیکی راہ نمائی

سب سے بہترین پاکٹ ڈائری: گوگل کیپ

گوگل کیپ

                                      یہ اینڈرائڈ کی ایپلی کیشن ہے جسے کمپیوٹر میں انسٹال بھی کیا جاسکتا ہے اور یہ جی میل اکاؤنٹ میں بھی ساتھ ہوتی  ہے جسے وہاں سے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ایپلی کیشن چوں کہ موبائل میں ہوتی ہے اس لیے ہر وقت دست رس میں ہوتی ہے۔اور آن لائن آف لائن ریکارڈ کو محفوظ رکھتی ہے۔

                                        گوگل کیپ کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ موبائل میں موجود کسی بھی میسیج، نوٹس یا کسی ایپلیکیشن میں موجود ترجمہ، متن وغیرہ گوگل کیپ میں کاپی کرسکتے ہیں۔ موبائل میں محفوظ کرتے ہی آپ اپنے لیپ ٹاپ میں گوگل کروم کھولیں اور  جی میل کھول کروہاں سے کمپیوٹر میں کاپی کرلیں۔ مزید آسانی اور تیزتر نتیجہ حاصل کرلینے کے لیے گوگل کیپ کی ایکسٹینشن بھی انسٹال کرسکتے ہیں۔ اس طریقہ کار سے آپ لمحوں میں ٹیکسٹ ڈیٹا موبائل سے کمپیوٹر میں منتقل کرسکتے ہیں جب کہ ہمارے اب تک کے تجربہ کے مطابق اس سے تیزتر کوئی ٹول ٹرانسفر کے لیے سامنے نہیں آیا۔

                                      تحقیق کاروں کے لیے ہمارا مشورہ ہے کہ وہ موبائل اور لیپ ٹاپ دونوں میں گوگل کیپ ضرور استعمال کریں۔  لیپ ٹاپ میں اس کے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ سرفنگ کے دوران کہیں بھی کوئی  بھی لنک ، متن یا کوئی اور چیز جو آپ کو پسند آئے آپ رائٹ کلک کرکے گوگل کیپ کے حوالے کرسکتے ہیں جو ایک سیکنڈ میں اسے سنبھال لیتا ہے۔ پھر آپ دوسرے ہی لمحے موبائل یا لیپ ٹاپ کسی بھی جگہ اسے دیکھ سکتے ہیں۔

                                  یہ ایپلی کیشن  در اصل پاکٹ ڈائری کا متبادل ہے جس پر نوٹس کے ساتھ ساتھ   آئیڈیاز  یا دیگر تفصیلات لکھی جاسکتی ہیں۔ خاص حصوں کو نمایاں بھی کیا جاسکتا ہے۔ خاص وقت اور تاریخ کےلیے الارم بھی لگایا جاسکتا ہے۔ اس کی ایک اہم خاصیت یہ ہے کہ  اس میں ڈیلیٹ کرنے یا ہو جانے کے بعد فوراً کوئی چیز ڈیلیٹ نہیں ہوتی بلکہ آرکائیو میں چلی جاتی ہے  اور کچھ عرصے کے بعد ڈیلیٹ ہوتی ہے۔ اس لیے اس ایپلی کیشن میں ڈیٹا  ضائع ہونے کا خدشہ بڑی حد تک کم ہوجاتا ہے۔ باحثین اس ایپلی کیشن  کو بھی مدد گار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

Related Posts