روح الاسلام
روح الاسلام عربی اور اسلامی کتب کا بہت بڑا اور بہترین ذخیرہ ہے۔ یہاں اگرچہ بے شمار کتابیں ڈاؤن لوڈ کے لیے بھی موجود ہیں مگر یہاں سب سے اہم سیکشن موسوعات کا ہے۔ یہاں موسوعات کے حوالے سے نہایت مفید اور بھرپورسیکشن موجود ہے۔ اس صفحے پر آپ کو ان موسوعات کا تعارف کروایا جارہا ہے۔
روح الاسلام کے موسوعات کے سیکشن میں درج ذیل شعبے موجود ہیں۔
موسوعات علمیہ
اس سیکشن میں موضوعات سے متعلق الگ الگ ذخیرے موجود ہیں۔ یہ موضوعات اتنے ہیں کہ انہیں شمار کرنا مشکل ہے اور اس میں روز بروز اضافے بھی ہورہے ہیں۔ شاملہ پر اکتفا کرنے والوں کو یہاں سے استفادہ کرنا چاہیے۔ شاملہ کے موضوعات سے کہیں زیادہ موضوعات یہاں موجود ہیں اور ہر ایک میں بے شمار کتب موجود ہیں جن میں اضافہ بھی ہوتا رہتا ہے۔ بعض موسوعات کی پی ڈی ایف موجود ہے، بعض کی سافٹ وئیر اور سرچ ایبل کاپی ہے جب کہ بعض کے دونوں ورژن موجود ہیں۔ شاملہ اور روح الاسلام میں فرق یہ ہے کہ یہاں ایک موضوع سے متعلقہ کتب ایک ہی جگہ موجود ہیں، اس کا جو بھی موسوعہ ڈاؤن لوڈ کیا جائے گا اس میں متعلقہ موضوع کی تمام کتب موجود ہوں گی۔ جب کہ شاملہ میں تازہ ترین اپ ڈیٹس عام طور پر موجود نہیں ہوتیں۔ اس کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ سافٹ وئیر میں سرچ شاملہ کی نسبت تیزرفتار ہوتی ہے۔
موسوعات المشائخ المعاصرین
موسوعات المشائخ المعاصرین کا سیکشن اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہاں مشہور و معروف عرب اسکالرز کی کتب اور مقالات پر مشتمل الگ الگ مکتبہ تیار کیا گیا ہے۔ جو لوگ عرب علماء سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں یا ان کی تصانیف سے مراجعت کرنا چاہتے ہیں یا ان پر تنقید وتحقیق مقصود کا ارادہ رکھتے ہیں وہ اس سیکشن سے مطلوبہ شخصیت کا مکتبہ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جسے انسٹال کرنے کے بعد ان میں مطلوبہ مواد تلاش کیا جاسکتا ہے۔
موسوعات اعلام مشہورین
موسوعات اعلام مشہورین میں چند مشہور بڑے اسکالرز کے مکتبات کو جمع کیا گیا ہے۔ ان مکتبوں میں اسکالرز کی کتابیں ہیں جنہیں شاملہ طرز کے ایک سافٹ وئیر میں جمع کردیا گیا ہے۔ یہاں ایک مصنف کی کتابوں سے مواد اور موضوعات کو آسانی سے تلاش کیا اور پڑھا جاسکتا ہے۔
موسوعات العلماء السابقین
موسوعات العلماء السابقین بھی دیگر کی طرز پر الگ سیکشن ہے جہاں متقدمین میں سے بعض علماء کی کتب کو جمع کردیا گیاہے اور ہر ایک کا الگ مکتبہ بنادیا گیا ہے۔ ابن قیم ، سیوطی، عبد الوہاب نجدی، ابن جوزی، عسقلانی وغیرھم کے نام سے ان کی کتب پر مشتمل مکتبے بنائے گئے ہیں ۔ یہاں ان کی کتب سے موضوعات آسانی سے تلاش کیے اور پڑھے جاسکتے ہیں۔
ملاحق الموسوعات
ملاحق الموسوعات کا سیکشن موضوعات کے سیکشن کا تتمہ ہے۔ بعض تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر جو ریکارڈ موضوعات کے مکتبوں میں شال نہیں کیا جاسکا وہ یہاں الگ مکتبوں کی شکل میں رکھا گیا ہے۔ موضوعات پر تلاش کرنے والے اس ضمیمے سے بھی مراجعت کرسکتے ہیں۔
موسوعات صوتیہ میں متعدد موضوعات پر آڈیو ریکارڈ موجود ہے۔ جب کہ موسوعات مختصرہ میں اختصار کے ساتھ چند چیزیں آگئی ہیں۔ ایک اور سیکشن میں دیگر زبانوں میں روح الاسلام کے موسوعات بھی موجود ہیں۔
یہاں ایک اہم سوال سامنے آتا ہے کہ شاملہ کے ہوتے ہوئے روح الاسلام کو کیوں استعمال کیا جائے؟ ایسی کیا خصوصیات ہیں جن کی بناپر شاملہ کے ہوتے ہوئے بھی دیگر مکتبے قابل استفادہ ہیں؟ اس کا جواب پڑھنے کے لیے ”ریسرچ کے لیے سافٹ وئیر کا انتخاب کیسے کریں“ صفحے پر جائیے!