مکتبہ شاملہ
تعارف اور بنیادی خصوصیات
مکتبہ شاملہ علوم اسلامیہ میں امہات الکتب پر مشتمل جامع سافٹ وئیر ہے جس میں کم از کم عربی زبان میں 6111 کتب موجود ہیں۔ ان کتب میں ایک بڑا ذخیرہ پرائمری سورسز پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ جدید تحقیقات ومقالات بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ یہ پروگرام عرب دنیا میں تخلیق کیا گیا ، اسی وجہ اس میں عرب اسکالرز کے خطبات، دروس ، نوٹس اور مجلات وغیرہ بھی موجود ہیں۔ لیکن علوم اسلامیہ کی امہات الکتب کا تمام تر ذخیرہ اس میں سمو دیا گیا ہے اور مزید کتب بھی آئے دن ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوتی رہتی ہیں۔
فیچرز:
کتب کی فہارس میں کو دیکھاجاسکتا ہے اور ان میں موضوعات کو تلاش کیا جاسکتا ہے۔
لفظ لکھ کر ایک سے لے کر ہزاروں کتابوں میں سرچ کیا جاسکتا ہے۔
لفظ لکھ کر کتب کے متون میں سرچ کیا جاسکتا ہے۔
کتب کے حواشی / فٹ نوٹس میں سرچ کیا جاسکتا ہے۔
ایک وقت میں ایک کتاب/ ایک موضوع / منتخب کتب یا مکتبے کی مکمل کتب میں سرچ کی سہولت موجود ہے۔
ایک وقت میں کئی الفاظ اکٹھے سرچ کرنے کی سہولت موجود ہے۔
ایک وقت میں کئی متبادل الفاظ کی تلاش کی سہولت موجود ہے۔
کتاب کو ورڈ فارمیٹ یا ای بک کی صورت میں شاملہ سے الگ کرنے کی سہولت موجود ہے۔
ذاتی مطالعے کے دوران نوٹس درج کرنے کی سہولت موجود ہے۔
مکتبے میں اپنی پسندیدہ کتب بھی شامل کی جاسکتی ہیں۔
قرآن کریم میں کوئی بھی لفظ، آیت، سورت، یا ان کے نمبر تلاش کیے جاسکتے ہیں۔
ایک لفظ قرآن میں کتنی بار آیا ہے ، جان سکتے ہیں۔
آیت پر کلک کرکے کسی بھی تفسیر میں خاص اسی آیت کی تفسیر تک پہنچ سکتے ہیں۔
احادیث کی تخریج کی سہولت موجود ہے۔
احادیث کی ترقیم صفحہ نمبر، جلد نمبر حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
کتب کا تعارف، مصنف کا تعارف، بطاقۃ الکتاب پر دیگر معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
تمام مواد یونی کوڈ فارمیٹ میں دستیاب ہوتا ہے جسے کاپی پیسٹ کیا جاسکتا ہے۔
یونی کوڈ فارمیٹ میں موجود صفحات کی ترتیب اکثر اصل کتاب کے عین مطابق ہوتی ہے۔
ورژن
مکتبہ شاملہ کا اصل اور سٹینڈرڈ ورژن المکتب التعاونی للدعوۃ بالروضہ کی ویب سائٹ پر موجود ہے جو تقریبا6111کتب کے ساتھ کمپریسڈ فولڈر میں 4 جی بی ڈیٹا پر مشتمل ہے۔ جسے قابل استعمال بنانے کے لیے اَن زِپ کیا جاتا ہے جو ان زپ کرنے کے بعد 14 جی بی ڈیٹا بن جاتا ہے۔
یہ سٹینڈرڈ ورژن ہے جس میں مزید کتب شامل کی جاسکتی ہیں، ذاتی نوٹس لکھے جاسکتے ہیں مگر کتب کو ایڈٹ کرنے یا تصحیح کی اجازت نہیں ہوتی، پی ڈی ایف کا لنک موجود ہوتا ہے مگر اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیےویب سائٹ پرجانا پڑتا ہےکتب میں تصاویر اور نقشے بھی شامل نہیں ہوتے ۔
جب کہ کچھ ویب سائٹس اس کا پریمیم ورژن بھی پیش کرتی ہیں جو اکثر قیمت کی ادائیگی کے ساتھ مشروط ہوتا ہے۔ اس میں سٹینڈرڈ ورژن کے علاوہ بھی بے شمار کتب موجود ہوتی ہیں اور بعض اہم کتب کے نادر نسخے بھی شامل ہوتے ہیں۔ پریمیم ورژن میں اکثر پی ڈی ایف کی کاپی بھی شامل ہوتی ہے۔ عام طور پر اس ورژن میں 10000 کتب اور 16000 کتب پر مشتمل نسخے مارکیٹ سے مل جاتے ہیں۔
بعض اداروں نے شاملہ میں اپنی طرف سے کتابیں شامل کرکے ایک لاکھ سے زائد کتبـ پر مشتمل مکتبے تیار کرلیے ہیں۔ لیکن عام تحقیق کاروں کو ان مکتبوں کے حصول کے لیے دوڑ دھوپ کرنے سے پہلے اپنی ضرورت کا تعین کرلینا چاہیے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ کتب پر مشتمل مکتبہ شاملہ کے حصول کا فائدہ تب ہوتا ہے جب تحقیق کا ر کو اس کی ضرورت ہو مثلاً اس میں کوئی خاص کتب موجود ہوں جو تحقیق کار کو کسی اور جگہ سے نہ مل سکتی ہوں تو ان مکتبوں کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان مکتبوں کو حاصل کرنے کے لیے زیادہ سپیس کی حامل فلیش یا پورٹ ایبل/ایکسٹرنل ہارڈ ڈسک کی ضرورت بھی ہوتی ہے تاکہ ڈیٹا ٹرانسفر کیا جاسکے۔ کتابوں کی منتقلی کے دوران بھی بدنظمی پیدا ہوجاتی ہے۔ عام طلبہ کے لیے اسٹینڈرڈ ورژن حاصل کرلینا ہی کافی ہوتا ہے۔ اگر اس میں دوچار مطلوبہ کتب نہیں ہیں تو شاملہ یا وقفیہ کی ویب سائٹ سے انہیں ڈاؤن لوڈ کرکے شاملہ میں درآمد کیا جاسکتا ہے۔
انسٹالیشن
صفحے کے آخر میں لنک دیا جارہا ہے۔ یہ ڈیٹا تقریباً 4 جی بی پر مشتمل ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو مسلسل چلتا رہے تاکہ ڈاؤن لوڈ نگ متاثر نہ ہو۔ کیوں کہ گوگل کروم میں ڈاؤن لوڈنگ مسلسل ہوتی ہے اور تسلسل ٹوٹ جانے پر بعض اوقات نامکمل ڈیٹا دوبارہ سرورسے نہیں جڑتا اوردوبارہ نئے سرے سے ڈاؤن لوڈ کرنا پڑتا ہے۔
شاملہ کے ساتھ 7.zip سافٹ وئیر ڈاؤن لوڈ کرنا بھی ضروری ہے کیوں کہ شاملہ کی فائل کو قابل استعمال بنانے کے لیےاَن زِپ کیا جاتا ہے۔ 7.zip بھی اسی ویب سائٹ پر موجود ہے اور ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ دونوں فائلز ڈاؤن لوڈ کرکے محفوظ کرلیں۔ پہلے7.zip انسٹال کریں اس کے بعد shamela.7z کو اوپن وِد7.zip کریں یا ایکسٹریکٹ کرلیں۔ ایک نیا فولڈر بن جائے گا۔ یہ شاملہ کا سٹینڈرڈ ورژن ہے۔ اس میںshamela.exe کے نام سے جو فائل ہے اسے رن کریں اور انسٹالیشن کا پروسیجر مکمل کرلیں۔
انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد خود بخود شاملہ کھل جائے گا مگر اس میں ایک ناقابل فہم زبان لکھی ہوگی جسے آپ کو درست کرنا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ شاملہ کو بند کرکے کنٹرول پینل میں لینگویج سیٹنگ میں جائیں۔ وہاں سے ایڈمنسٹریٹو سیٹنگز میں جاکر چینج سسٹم لوکیشن کھولیں۔ نئی ونڈو کے اندر ممالک کے نام موجود ہوں یہاں سے آپ Arabic(Saudi Arabia) کو سلیکٹ کرکے اپلائی کریں ۔ اس کے ساتھ ہی سسٹم ری اسٹارٹ ہونے کی اجازت مانگے گا۔ سسٹم کو ری اسٹارٹ کریں اور دوبارہ شاملہ کے ایکسٹریکٹ کیے ہوئے فولڈر کو کھولیں اور شاملہ کو چلائیں۔ شاملہ اصلی حالت میں تمام تر سہولیات کے ساتھ آپ کے سامنے ہوگا۔ آپ اس کا ڈیسک ٹاپ شارٹ کٹ بنالیں تاکہ پہنچنے میں سہولت ہو۔
یاد رکھیں ایکسٹریکٹ کرنے کے بعد شاملہ اور 7زپ والی دونوں اصل فائلوں کو مستقل کسی جگہ پر محفوظ کرلیں تاکہ دوبارہ ضرورت پڑنے پر کام آسکے۔