فتاوی آن لائن
یہاں ان ویب سائٹس کا تعارف دیا جارہا ہے جہاں آن لائن فتاوی کی سہولت موجود ہے۔ عام لوگ تو صرف فتوی کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں جب کہ باحثین کو ان ویب سائٹس کا اضافی فائدہ یہ ہے کہ وہ یہاں پر فتاوی میں مطلوبہ مسئلہ تلاش کرکے اس سے متعلق فقہی آراء اور اور حدیث سے اس کے دلائل کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔ خاص طور پر جو لوگ فقہی موضوعات پر ریسرچ کررہے ہیں یا فکری موضوعات سے متعلق کسی مسئلے پر فقہاء کی آراء اور حدیث کے دلائل تلاش کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ ویب سائٹس معاون بن سکتی ہیں۔
”الرئاسۃ العامہ للبحوث العلمیہ والافتاء“
یہ ویب سائٹ سعودی عرب کی ”الرئاسۃ العامہ للبحوث العلمیہ والافتاء“ کی آفیشل ویب سائٹ ہے۔ یہاں اردو، عربی اور انگلش کے علاوہ بھی بے شمار زبانوں میں ترجمے کی سہولت کے ساتھ فتاوی کا ذخیرہ موجود ہے۔ یہاں شیخ عبد اللہ بن باز اور شیخ صالح الفوزان کے کارنرز بھی موجود ہیں جنہیں موضوع یا جلد کے لحاظ سے براؤز کرتے ہوئے مطلوبہ مسئلے کو تلاش کیا جاسکتا ہے۔
اسلام ویب مرکز الفتوی
اسلام ویب اسلامی مباحث کی بڑی ویب سائٹ میں شمار ہوتی ہے جس پر بے شمار ابحاث موجود ہیں اور ہر سیکشن معلومات سے بھر پور ہے۔ یہاں کا فتوی مرکز فتاوی کی بڑی کلیکشن پیش کرتا ہے ۔ ”اسلام ویب ڈاٹ نیٹ“ دراصل إدارة الدعوة والإرشاد الديني بوزارة الأوقاف والشؤون الإسلامية مملکۃ قطر کا پراجیکٹ ہے۔ اس ادارے کی ذمہ داری سائلین ، محققین اور قانون پیشہ افراد کو شرعی راہ نمائی فراہم کرنا ہے۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے ادارے سے فتوی پوچھا بھی جاسکتا ہے اور تلاش بھی کیا جاسکتا ہے۔ ادارے سے فتوی اگر پوچھا جائے تو اس میں ان کے ادارے کے کیا اصول ہیں یہ بھی ان کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔ اسی ادارے کا ایک بڑا وقیع علمی کام موسوعۃ الحدیث الشریف بھی ہے جس سے متعلق ہماری ویب سائٹ پر صفحہ موجود ہے۔