علوم اسلامیہ میں تحقیق کے لیے جو ٹولز استعمال کیے جاتے ہیں ان تک باحثین کی رسائی ممکن بنانے کے لیے یہ پیج تخلیق کیا گیا ہے۔باحثین کے لیے یہ ٹولز بڑی اہمیت رکھتے ہیں اور ان کے بغیر تحقیق کا عمل مشکل ہوجاتا ہے جب کہ ان ٹولز کی مدد سے بیس گنا وقت اور اخراجات کی بچت ہوجاتی ہے اور تحقیق کا کام آسان ہوجاتا ہے ۔
ان ٹولز کی تفصیل ان کے صفحات پر موجود ہے:
ریسرچ سافٹ وئیرز
علوم اسلامیہ میں تحقیق کے لیےایسے سافٹ وئیرز استعمال کیے جاتے ہیں جو ای –بکس کے بڑے ذخیرے پر مشتمل ہوتے ہیں۔ کچھ سافٹ وئیرز موضوعاتی سرچ کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ باحثین ان ذخیروں سے مطلوبہ کتاب تلاش کرکے ان سے با حوالہ مدد لے سکتےہیں۔یہ سافٹ وئیرز کتب کے ایسے ڈیٹا پر مشتمل ہوتے ہیں جنہیں حوالے اور اقتباس کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ عربی اور اردو میں ایسے سافٹ وئیرز موجود ہیں جو سرچنگ کی سہولت دیتے ہیں اور ان میں لفظ لکھ کر تلاش کرنے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ اس سے ریسرچ کے عمل میں بے انتہاء آسانی ہوجاتی ہے۔ ذیل میں ان کے لنک دیے گئے ہیں اور ان کے صفحات پر مکمل تفصیل موجود ہے۔
اردو، عربی اور انگلش لغات
اردو ، عربی اور انگلش کی متعدد لغات باحثین ضرورت کے مطابق استعمال کرتے ہیں۔ صحیح بات یہ ہے کہ تاحال اردو زبان کی کوئی معیاری لغت کی کتاب مفت استعمال کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ جو معیاری لغات تیار کی جارہی ہیں انہیں آن لائن کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہاہے۔البتہ راقم کے ذاتی تجربے کے مطابق متبادل کے طور پر بہترین آپشن لنگوس ڈکشنری ہے۔ علاوہ ازیں فیروز اللغات اردو ،لسان العرب عربی اور آکسفورڈ ڈکشنری انگلش کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ مگر ان سب کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ سہولت کے ساتھ سرچنگ کی اجازت نہیں دیتے۔ خاص طور پر آکسفورڈ ڈکشنری بار بار انسٹال کرنی پڑتی ہے۔ یہاں ان لغات کا تعارف اور لنک موجود ہے۔ باحثین اپنی سہولت کے مطابق اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
تحریر کے سافٹ وئیرز
تحقیقات کو مطبوعہ شکل میں لانے کے لیے جو سافٹ وئیر استعمال ہوتےہیں ان کا تعارف یہاں موجود ہے۔ مقالہ لکھنے کے لیے کچھ عرصہ قبل ان پیج استعمال کیا جاتا تھا۔ پھر نوری نستعلیق کو یونی کوڈ سپورٹ کے ساتھ مائیکرو سافٹ آفس کے لیے قابل استعمال بنایا گیا۔ اب مائیکرو سافٹ آفس بھی نستعلیق کو بہترین انداز سے سپورٹ کرتا ہے۔ یہاں ان سافٹ وئیرز کا تعارف دیا جارہا ہے جو مقالہ لکھنے کے دوران ااستعمال کیے کجاتے ہیں یا انہیں تحقیق میں معاونت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ڈاؤن لوڈنگ سائٹس
کتابوں سے معلومات جمع کرنے کے لیےکتابوں کی ضرورت پڑتی رہتی ہے مگر ضرورت کے مطابق کتب کی خرید نا ممکن نہیں ہوتا اور بعض اوقات ایسی کتب کی ضرورت پڑجاتی ہے جسے ایک آدھ دفعہ دیکھنا ہوتاہے۔ یوں کتاب خریدنے کی بجائے مستعار لینا بہتر ہوتاہے۔ بعض اوقات کوئی کتاب بازار میں آسانی کے ساتھ دستیاب نہیں ہوتی جب کہ انٹرنیٹ پر آسانی سے مل جاتی ہے۔کتابوں کا آن لائن ڈیٹا بیس عام طور پر پی ڈی ایف بکس کی شکل میں ہوتا ہے۔ جب کہ کچھ آرگنائزیشنز اسلامی کتب کی ڈیجیٹائزیشن کا کام کررہی ہیں اور متون کوایڈیٹ ایبل ٹیکسٹ فارمیٹ میں پیش کررہی ہیں۔
اردو عربی فونٹس
اردو ٹائپوگرافی ترقی کرتی جارہی ہے۔ اردو سے محبت رکھنے والے روز بروزاس میں بہتری کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ اردو تحریر کے لیے نستعلیق ہی ہمیشہ سے پسند کیا جاتا رہا ہے مگراب نستعلیق میں بھی بے شمار طرز کتابت موجودہیں۔ اس وقت تازہ ترین اور سب سے بہتر نستعلق طرز کتابت کا حامل فونٹ ”مہر نستعلیق“ ہے جو لاہوری طرز پربنایا گیا ہے اور ہاتھ کی خطاطی کے بالکل مماثل دکھتا ہے۔ اس مرحلے پر باحثین اپنے ادارے سے راہ نمائی لے سکتے ہیں۔ کیوں کہ مقالے کی پیش کش میں اس کے ظاہری حسن کو بھی مد نظر رکھا جاتا ہے۔ اس صفحے پر اردو تحریر کے لیے تمام فونٹس موجود ہیں۔ جنہیں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔