باحثین علوم اسلامیہ کا تعارف
باحثین علوم اسلامیہ فیڈرل گورنمنٹ آف پاکستان سے ”انسٹی ٹیوٹ آف باحثین علوم اسلامیہ“کے طور پر رجسٹرڈ ایک تعلیمی اور تحقیقی ادارہ ہے جو علوم اسلامیہ میں جاری تحقیقات کی تدوین اور تنظیم کا کام کرتا ہے اور اپنے تمام ریکارڈز کو ادارے کی ویب سائٹ باحثین ڈاٹ کام (BAHISEEN.COM)کے توسط سے آن لائن استفادے کے لیے پیش کرتا ہے۔
باحثین علوم اسلامیہ سے منسلک اسکالرز دنیا بھر سے تعلق رکھتے ہیں۔ علمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں ہمارے ساتھ تعاون کرنے والے افراد دنیا بھر سے خاص طور پر پاکستان، ہندوستان، مصر، سعودی عرب اور مصر سے تعلق رکھتے ہیں۔ باحثین علوم اسلامیہ کا ادارہ علوم اسلامیہ میں جاری تحقیقات کی تدوین اور تنظیم کرنے کے بعد افادۂ عام کے لیے آن لائن ویب سائٹ پر پیش کرتا ہے جس میں آئی ٹی پروفیشنلز کی ٹیم تعاون کرتی ہے اور ادارے کی ویب سائٹ کو آن لائن رکھنے میں معاونت کرتی ہے۔ ادارے کے ریکارڈز اگرچہ آن لائن پیش کیے جاتے ہیں مگراس کا صدر دفتر ضلع بہاول پور کے قصبہ قائم پور میں واقع ہے جہاں ان تمام سلسلوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔
باحثین علوم اسلامیہ کی تاریخ
باحثین علوم اسلامیہ کا آغاز 2013ء میں ہوا اور ابتداء میں بلاگ سپاٹ پر باحثین کے نام سے بلاگ بنایا گیا۔ سن2015ء میں ہمارا تمام مواد بلاگ سپاٹ سے ورڈ پریس کی ڈومین پر بلاگ کی صورت میں منتقل ہوا۔ اس عرصے میں اس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد محدود تھی اور یہ سلسلہ بھی محدود تھا اور انفرادی ریکارڈز کی شکل میں تھا۔ اس عرصے میں بہت سی دشواریاں تھیں۔ ورڈ پریس بلاگ کی محدود سہولیات کی وجہ سے تمام مواد آن لائن نہیں تھا۔ جن احباب کو ان ریکارڈز سے متعلق معلوم تھا وہ اس کے حصول کے لیے بہت مشقت اٹھاتے تھے۔ اسی دوران مواد کی فراہمی کی فرمائشیں پے درپے موصول ہونے لگیں، شائقین مواد کے حصول کے لیے دوردراز سے سفر کی مشقتیں اٹھانے کو تیار ہوتے تھے۔ ا ن حالات کے پیش نظر یہ احساس پختہ ہوتا گیا کہ اس سلسلے کو منظم انداز سے آن لائن پیش کرنا از حد ضروری ہے۔
چنانچہ اس سلسلے کو منظم کرکے معیاری انداز سے ٹاپ لیول ڈومین پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایاگیا۔ سن 2016ء کے اواخر میں اس منصوبے پر کام شروع کیا گیا جو تقریباً دو سال کے عرصےمیں تکمیل کو پہنچا ۔ جنوری2019ء میں اس سلسلے کو ایک منظم ادارے کا نام دے کر سابقہ مواد میں بے شمار اضافے اور تصحیحات کے بعد ادارے کی ویب سائٹ BAHISEEN.COM پر منتقل کردیا گیا ۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جنوری 2019ء میں جب یہ سلسلہ آن لائن ہوا تو یہ ابتدائی ورژن تھا۔ اس کے بعد اس پر مستقل کام جاری رہا۔ کچھ منصوبے 2019ء سے 2020ء کے درمیانی عرصے میں مکمل ہوئے جب کہ کچھ منصوبے 2021ء میں شروع ہوں گے۔ 2019ء سے 2020ء تک کے عرصے میں ادارے نے تمام قسم کے نشیب و فراز دیکھے ۔ صارفین کی طرف سے ہزاروں کی تعداد میں تہنیتی پیغامات موصول ہوئے، اتنی ہی دعائیں ملیں اور جن لوگوں نے استفادہ کیا انہوں نے ادارے کی ترقی اور نیک نامی کے لیے خواہشات کا اظہار کیا۔ ٹیکنیکل ٹیم جو ابتداء سے تاحال ہمارے ساتھ مسلسل تعاون کررہی ہےان کی محنت اور لگن کی وجہ سے ان کی پشت پر ہمارے صارفین ہی کے حوصلہ بھرے پیغامات اور دعائیں ہیں جن کی وجہ سے ہماری ٹیکنیکل ٹیم کو دلی اطمینان ملا اور انہوں نے مزید دلجمعی اور لگن سے کام کیا۔
رسول اللہﷺ کا فرمان ہے :
عَنْ أَنَسٍ، أَنَّ الْمُهَاجِرِينَ، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ ذَهَبَتِ الْأَنْصَارُ بِالْأَجْرِ كُلِّهِ قَالَ: «لَا مَا دَعَوْتُمُ اللَّهَ لَهُمْ وَأَثْنَيْتُمْ عَلَيْهِمْ»(سنن ابی داؤد)
یعنی کسی کی بھلائی کے بدلے میں دعا اور تحسین کرنے والا بھی ثواب سے محروم نہیں رہتا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے صارفین میں سے تہنیتی پیغامات بھیجنے والے، حوصلہ بڑھانے والے اور دعا دینے والے احباب کا بھی نیکی کے اس کام میں بھرپور حصہ ہے۔ اللہ تعالی ہماری کاوشوں کو قبولیت عطا فرمائے اور ہمیں صراط مستقیم کی ہدایت نصیب فرمائے۔