سافٹ وئیرز کا موازنہ
یہاں ایک اہم سوال سامنے آتا ہے کہ شاملہ کے ہوتے ہوئے ”روح الاسلام“ ، ”الباحث العلمی“ ، ”مکتبہ وقفیہ“ یا کسی اور ویب سائٹ کو کیوں استعمال کیا جائے ؟ ایسی کیا خصوصیات ہیں جن کی بناپر شاملہ کے ہوتے ہوئے بھی دیگر مکتبے قابل استفادہ ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ کچھ خصوصیات ایسی ہیں جو ان مکتبوں کو کی اہمیت کم نہیں ہونے دیتیں؟ ان مکتبوں کی خصوصیات کیا ہیں اور ان کے امتیازات کیا ہیں؟ ان سوالوں کے جواب سے واقفیت بہت ضروری ہے کیوں کہ یہ سوال بہت اہم ہے ، وجہ اس کی یہ ہے کہ تحقیق کار سافٹ وئیر کے استعمال سے پہلے ان کے امتیازات سے واقف ہوگا تو وہ صحیح رستے کا انتخاب کرپائےگا۔ ورنہ غیر متعلقہ سافٹ وئیر کا انتخاب کرکے وقت ضائع کربیٹھے گا۔ ذیل میں ہم ان کی خصوصیات کو موازنے کے انداز میں پیش کررہے ہیں۔
شاملہ میں بے شمار موضوعات کا ذخیرہ موجود ہے۔ اگر کوئی ایسا سافٹ وئیر آپ کے سامنے موجود ہے جو آپ کے متعلقہ صرف ایک مضمون کے ذخیرے پر مشتمل ہے تو دوسرا سافٹ وئیر استعمال کریں کیوں کہ اس کی رفتار شاملہ کی بنسبت بہتر ہوگی۔ البتہ تصدیق کرلیں کہ اس سافٹ وئیر میں آپ کی متعلقہ تمام کتب موجود ہیں یا شاملہ کی تمام کتب اس میں موجود ہیں۔
سافٹ وئیرکی رفتار انٹرنیٹ کی بنسبت ذرا کم ہوتی ہے۔ اگر آپ کے سامنے دونوں طرح سے ذرائع متوازی ہیں تو انٹرنیٹ کو ترجیح دیں۔
سافٹ وئیر اور انٹر نیٹ میں ایک بنیادی فرق یہ بھی ہے کہ سافٹ وئیر نتائج کی تلاش کے لیے آپ کے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی صلاحیتیں استعمال کرتا ہے جب کہ انٹر نیٹ پر آپ کے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی صلاحیتیں صرف نتائج کو دکھانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ باقی تلاش اور تفتیش کے لیے ویب سائٹ کے سرورز استعمال ہوتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ پر تلاش کے دوران آپ کا لیپ ٹاپ اور انرجی وغیرہ کم استعمال ہوتی ہے جب کہ سافٹ وئیر میں زیادہ استعمال ہوتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ اس صورت میں زیادہ متاثر کن ہوسکتا ہے جب تحقیق کار کا لیپ ٹاپ کمزور ہو یا اس کی میموری کم ہو یا اس پر لوڈ زیادہ ہو تو تلاش کے دوران سسٹم سست روی کا شکار ہوسکتا ہے، ہینگ ہوسکتا ہے، لیپ ٹاپ کی حرارت اور شور میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
سافٹ وئیر میں عموماً وہی نتائج ظاہر ہوتے ہیں جو آپ نے لکھ دیے۔ ابھی تک کسی سافٹ وئیر میں ایسی سہولت موجود نہیں ہے کہ وہ ملتے جلتے نتائج کو ظاہر کرسکے۔ شاملہ میں بھی صرف یہ سہولت موجود ہے کہ وہ نتائج کی تلاش کے دوران الف لام یا ہمزہ ، الف یا الف ہمزہ کے فرق کو نظر انداز کرسکتا ہے۔ لیکن انٹر نیٹ پر اکثر وبیش تر یہ سہولت موجود ہوتی ہے کہ آپ ملتے جلتے نتائج کو بھی تلاش کرسکتے ہیں۔ اس کا اثر اس صورت میں زیادہ واضح ہوتا ہے جب آپ لاعلمی یا کم علمی کی بنا پر کسی مخصوص موضوع کی تلاش کے لیے غیر موزوں لفظ کا انتخاب کرلیں۔ اس صورت میں سافٹ وئیر کوئی بھی نتیجہ ظاہر کرنے سے صاف انکار کردیتا ہے یا مکمل طور پر غیر متعلقہ نتائج پیش کرتا ہے جب کہ انٹر نیٹ پر عموماً مترادف کی شکل میں متبادل بھی دکھا دیے جاتے ہیں۔