دنیا بھر میں تحقیقی اداروں میں علوم اسلامیہ پر مختلف زاویوں سے ریسرچ جاری ہے۔ پاکستان ہندوستان، عرب دنیا سمیت یورپ اور امریکا کے تعلیمی اداروں میں علوم اسلامیہ کے شعبہ جات قائم ہیں۔ باحثین کے لیے ان شعبہ جات سے واقفیت عزم اور ارادوں کی وسعت کا سبب بن سکتی ہے۔ ان اداروں میں تحقیق کے رجحانات کے ساتھ ساتھ تحقیقی معیار سے واقفیت بھی ہوگی جو تحقیق کے عمل میں مزید بہتری کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
امریکا ، یورپ ، عرب دنیا اور پاکستان و ہندوستان میں تحقیق کے رجحانات میں بنیادی نوعیت کے اختلافات موجود ہیں۔ ان رجحانات سے واقفیت تحقیق کے خطوط کو واضح کردیتی ہے اور بہت سے ایسے معیارت سے آشنا ہوتے ہیں جن کا پہلے سے علم نہیں ہوتا۔ علاقائی رجحانات کی شناسائی سے ہم متعدد پہلووں پر ہورہی تحقیق کی افادیت اور ضرورت واہمیت سمیت اس کے مختلف نوعیت کے پہلؤوں کو سمجھ سکتے ہیں۔
یہاں ان اداروں کا تعارف دیا جارہا ہے جو علوم اسلامیہ میں تحقیقات کےحوالے سے معروف ہیں۔ یہ لسٹ مکمل نہیں ہے۔ اس پر کام جاری ہے۔ باحثین اس حوالے سے معلومات کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہر ادارے کی آفیشل ویب سائٹ کا لنک ان کے تعارفی پیج پر دے دیا گیا ہے جس کے توسط سے ادارے سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان میں علوم اسلامیہ کے تحقیقی ادارے
پاکستان میں علوم اسلامیہ پر تحقیق میں مصروف ادارے تین طرح کے ہیں۔یونیورسٹیز میں علوم اسلامیہ کے علوم اسلامیہ کے شعبے، دینی مدارس، اور مستقل تحقیقی ادارے الگ الگ تحقیق میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں ہورہی تحقیقی سرگرمیوں میں ان اداروں کی تحقیقات کو آپس میں مربوط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان تنیوں قسم کے اداروں کا تعارف یہاں موجود ہے۔
عرب دنیا میں علوم اسلامیہ کے تحقیقی ادارے
عرب دنیا میں اسلامی تحقیقی ادارے موجود ہیں۔ علوم القرآن اور علوم الحدیث پر عرب دنیا میں بڑا وقیع اور علمی کام ہوچکاہے اور بڑے پیمانے پر اب بھی جاری ہے۔ اس کام کا احاطہ کرنا تو مشکل ہے تاہم ان کے تعارف کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عرب دنیا میں تحقیقی مطالعات کا بڑا موضوع بنیادی مآخذ اور تنقیدی مطالعے کے ساتھ ساتھ قدیم کتب کی ایڈیٹنگ ہے ۔ اس کام میں اہل عرب خصوصی ذوق رکھتے ہیں۔ ان اداروں کا تعارف کا آغاز جلد ہی کردیا جائے گا۔ ذیل میں عرب دنیا میں یونیورسٹیز کے شعبہ ہائے علوم اسلامیہ کا تعارف دیا جارہا ہے۔
یورپ میں علوم اسلامیہ کے تحقیقی ادارے
یورپ میں اسلام کے مطالعے کا رجحان روز بروز بڑھتا جارہا ہے۔ مسلم اور غیر مسلم دونوں ہی اسلام کا مطالعہ کرتے ہیں۔ یورپین یونیورسٹیز میں علوم اسلامیہ کے مطالعہ کی تاریخ بہت قدیم ہے کیوں کہ پہلی صدی ہجری میں ہی مسلمان یہاں پہنچ گئے تھے۔ موجودہ دور میں یورپ میں علوم اسلامیہ پر کئی جہات سے مطالعہ کیا جارہا ہے۔ تہذیب وتمدن، اسلامی تاریخ و فلسفہ، فکر اسلامی سمیت علوم اسلامیہ کی بے شمار شاخوں پر تحقیق جاری ہے۔ ذیل میں دیے گئے صفحات پر یورپین یونیورسٹیز میں علوم اسلامیہ کے ڈیپارٹمنٹس کا تعارف اور ویب سائٹ کا لنک موجود ہے۔
امریکا میں علوم اسلامیہ کے تحقیقی ادارے
امریکا میں علوم اسلامیہ پر تحقیقی کے بڑے بڑے ادارے موجود ہیں۔ ان اداروں میں علوم اسلامیہ پرتحقیق کا رجحان بہت مختلف ہے۔ یہاں ریسرچ کا محور زیادہ تر ایریا اسٹڈیز ہوتا ہے۔ مشرقی ممالک کے حالات، رجحانات اور تہذیب وتمدن سمیت تحریکات کا مطالعہ کیاجاتا ہے۔ یہاں اسلامی تعلیمات کے لیے اکثر یونیورسٹیز میں علوم اسلامیہ کے ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ اسلامک سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں کانفرنسز اور اصلاحی نوعیت کے سیمینارز ہوتے رہتے ہیں جب کہ ڈیپارٹمنٹس میں ٹھوس علمی تحقیق ہوتی ہے۔ امریکا کی یونیورسٹیز میں جہاں علوم اسلامیہ کے شعبہ جات قائم ہیں وہاں یونیورسٹی کے علاوہ بھی بے شمار ادرے قائم ہیں جو اسلامی موضوعات اور خاص طور پر فکر اسلامی اورتاریخ اسلامی پر کام کررہے ہیں۔ ذیل میں ان کا لنک اور تعارف دیا جارہا ہے۔