مائیکروسافٹ آفس ڈاؤن لوڈ کریں
ڈاؤن لوڈ، انسٹالیشن،ایکٹیویشن سے متعلق مکمل راہ نمائی
Download MS Office, Install & Activate, Learn How to Download, Install & Activate Complete Guide in Urdu Hindi
(ہم نے کوشش کی ہے کہ مضمون ہر طرح سے مکمل ہو۔ اس میں مائیکروسافٹ آفس سے متعلق بتایا ہے کہ اس سافٹ وئیر کو کیوں حاصل کیا جائے ؟ کیسے حاصل کیا جائے؟ مفت حاصل کرنے کا طریقہ؟ انسٹال کیسے کیا جائے؟ خصوصیات کیا ہیں؟ ان موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ مضمون اردو لکھنے، بولنے والے تمام لوگوں کے لیے افادیت رکھتا ہے۔ اسے پڑھ کر اپنے دوستوں کے ساتھ شئیر کریں۔)
مائیکروسافٹ آفس ڈاؤن لوڈ کرنے سے متعلق بے شمار سوال موصول ہوئے کہ یہ سافٹ وئیر کہاں سے ڈاؤن لوڈ کیا جائے اور کون سا ورژن ڈاؤن لوڈ کیا جائے۔ ظاہر ہے کہ سب سے پہلا مرحلہ مائیکروسافٹ آفس کے حصول کا اور اپنے سسٹم میں تنصیب (Install)کرنے کا ہے۔ جن لوگوں کے لیے یہ سافٹ وئیر نیا ہے انہیں اس سلسلے میں مکمل راہ نمائی کی ضرورت تھی۔ تو ہم نے اس مسئلے کے اہم پہلوؤں پر بھرپور روشنی ڈالی ہے اس طرح یہ مضمون نئے اور پرانے سب لوگوں کے لیے افادیت رکھتا ہے۔
مائیکروسافٹ آفس کی قیمت
مائیکروسافٹ آفس کا اصل اور رجسٹرڈ سافٹ وئیر مفت نہیں ملتا۔ اس کی قیمت کم سے کم بھی 12000 بارہ ہزار پاکستانی روپے “سالانہ “ہے۔ ایک عام صارف کے لیے اتنا مہنگا سافٹ وئیر خریدنا ممکن نہیں ہوتا۔ لیکن بطور صارف ہمیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اتنے بھاری بھرکم معاوضے کے بدلے ملنے والا سافٹ وئیر بازار میں موجود دیگر متبادل سافٹ وئیرز کی بہ نسبت نہ صرف بہتر بلکہ بہت بہتر سہولیات فراہم کرتا ہے۔ مائیکروسافٹ آفس کا رجسٹرڈ ورژن : ورڈ(Word)، پاورپوائنٹ (Power Point)، ایکسل(Excel)،ون نوٹ(One Note)، ون ڈرائیو (One Drive یعنی آن لائن اسٹوریج)اسکائپ فار بزنس(Skype for Business)،ایکسس(Access)، آؤٹ لُک(Out Look)، پبلشر (Publisher)اور ٹیم (Team)جیسی معروف اور بہترین ایپلی کیشنز( سافٹ وئیرز ) پر مشتمل ہوتا ہے۔ پروگرامنگ کرنے والوں کے لیے ان کے علاوہ اور بھی بہت سے ٹول موجود ہوتے ہیں جن کے بدلے میں یہ رقم زیادہ نہیں ہے۔
جن لوگوں کو مائیکروسافٹ آفس کے ورڈ (MS Word)اور پاور پوائنٹ (MS PowerPoint)کے علاوہ دیگر ٹولز کی ضرورت پڑتی ہے وہ جانتے ہیں کہ یہ سافٹ وئیر مارکیٹ کے بہترین سافٹ وئیرز ہیں اور دیگر متبادل سافٹ وئیرز کے مقابلے میں یہ رقم زیادہ نہیں ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی ہمارے ہاں عام صارف کے لیے اس سافٹ وئیر کو قیمت دے کر خریدنا مشکل سمجھاجاتا ہے جس کی کئی وجوہات ہیں۔ فی الحال بس یہ نوٹ کرلیجیے کہ اگر آپ مائیکروسافٹ آفس استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اسے حاصل کرنے کے چار ذرائع موجود ہیں۔
مائیکروسافٹ آفس حاصل کرنے کا پہلا ذریعہ
پہلا ذریعہ قیمت دے کر اصل سافٹ وئیر خریدنے کا ہے۔ اگر آپ مائیکروسافٹ آفس کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کررہے ہیں تو یہ سافٹ وئیر خرید لیں۔ البتہ اگر آپ طالب علم ہیں یا نان کمرشل استعمال کے لیے اس کی ضرورت ہے تو قیمت دے کر خریدنا مہنگا پڑسکتا ہے۔ اس صورت میں آپ دوسرا ذریعہ استعمال کریں۔
مائیکروسافٹ آفس حاصل کرنے کا دوسراذریعہ
دوسرا ذریعہ تعلیمی اداروں کے ذریعے اپنا سافٹ وئیر حاصل کرنے کا ہے۔ پاکستان میں جن طلبہ یا اساتذہ نے سرکاری لیپ ٹاپ اسکیم کے ذریعے لیپ ٹاپ وصول کیے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ لیپ ٹاپ کے ساتھ رجسٹرڈ ونڈوز اور مائیکروسافٹ آفس کی ایک کاپی مفت میں فراہم کی گئی ہے۔ اسے فوراً سنبھال لیں۔ اگر اب تک آپ نے اسے نہیں سنبھالا تو لیپ ٹاپ کا بکس دیکھیں اور اس میں تلاش کریں۔ نوٹ کریں کہ لیپ ٹاپ کے ساتھ مائیکروسافٹ آفس کا اوریجنل لائسینس بھی آپ کو دیا گیا تھا۔ اس لائسینس کو سنبھالیں اور اس پر دی گئی پروڈکٹ کی(Product Key) کے ذریعے اپنا مائیکروسافٹ آفس استعمال کریں۔ (انڈیا بنگلہ دیش اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے احباب اپنے اداروں سے معلومات حاصل کریں کیوں کہ مائیکروسافٹ آفس فار آل کا پروگرام دنیا بھر میں موجود ہے۔)
تلمیذ ڈاٹ پی کے ذریعے ایکٹیویشن
یاد رہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے ابتدائی دنوں میں تلمیذ ڈاٹ پی کے کے توسط سے بھی یہ سافٹ وئیر دیا گیا تھا۔ اگر تلمیذ ڈاٹ پی کے ذریعے آپ کا اکاؤنٹ بنایا گیا تھا اور آپ کو ای میل پر تلمیذ ڈاٹ پی کے پر لاگ ان ہونے کے لیے ای میل اور پاس ورڈ موصول ہواتھا تو اسے تلاش کرکے محفوظ کرلیں۔ کیوں کہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے آپ مائیکروسافٹ آفس کی اوریجنل کاپی حاصل کرسکیں گے اور اگر آپ نے متعلقہ ورژن پہلے سے انسٹال کررکھا ہے تو اسے رجسٹرڈ کرسکیں گے۔ (اگر کوئی اور یا پرانا ورژن انسٹال کررکھا ہے تو وہ ایکٹیویٹ نہیں ہوگا بلکہ نیا انسٹال کرنا ہوگا۔)
مائیکروسافٹ آفس حاصل کرنے کا تیسراذریعہ
اگر بالفرض دوسرے ذریعے سے آپ مائیکروسافٹ آفس کی کاپی حاصل نہیں کرسکے تو تیسرا ذریعہ یہ ہے کہ آپ اپنے تعلیمی ادارے کی ویب سائٹ چیک کریں۔ مائیکروسافٹ آفس کے ساتھ ایچ ای سی کے معاہدے کے توسط سے پاکستان کی اکثر بڑی جامعات اپنے طلبہ کو مائیکروسافٹ آفس کا ایک سافٹ وئیر مہیا کرتی ہیں۔ اگر آپ کسی ادارے میں تعلیم حاصل کررہے ہیں یا ادارے میں استاذ ہیں تو اپنے ادارے کے توسط سے ایک رجسٹرڈ سافٹ وئیر فوراً حاصل کرلیں اس سے پہلے کہ یہ پروگرام رول بیک ہوجائے۔ اسے ”آفس فار ایجوکیشن “اور ”مائیکروسافٹ آفس فار آل“ کہا جاتا ہے۔ آپ یہ سافٹ وئیر حاصل کرنے کے لیے ادارے کا متعلقہ شعبہ تلاش کریں۔
پہلے تین ذرائع سے حاصل کیے گئے سافٹ وئیر کے فوائد
یہ سافٹ وئیر کا تازہ ترین ورژ ن ہوگا۔
تمام سہولیات اس میں میسر ہوں گی۔
نئی اپ ڈیٹ براہ راست انسٹال کرسکیں گے۔
آن لائن اپنی فائلز کو محفوظ کر سکیں گے۔
انگلش کی طرح اردو کا پروف ریڈنگ کا ٹول موجود ہوتا ہے جو ایک حد تک درست کام کرتا ہے۔
بعض حالات میں فائل کریش ہونے کی صورت میں رپئیر(Repair) کا آپشن موجود ہوگا۔
اگر آپ نئی نئی چیزیں اور ٹولز استعمال کرنے کا شوق رکھتے ہیں تو ان میں وہ سہولیات موجود ہوں گی کہ پرانے ورژن میں ان کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔
مائیکروسافٹ آفس حاصل کرنے کا چوتھا ذریعہ
گزشتہ تین ذرائع مائیکروسافٹ آفس حاصل کرنے کے صحیح اور درست ذرائع ہیں ۔ لیکن بعض صورتوں میں مجبوری کی حالت میں غیر رسمی ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کی ہوئی کاپی کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔ مجبوری کی مثال یوں لے لیں کہ ہماری مائیکروسافٹ آفس کی دفتری کاپی ایک دن اپ ڈیٹ کا سلسلہ اچانک منقطع ہونے کی وجہ سے کریش ہوگئی ۔ دوبارہ انسٹال کرنے میں بھی دشواری پیش آئی۔ نیز ایک موقع پر مائیکروسافٹ آفس کو انسٹال کرتے ہوئے بہت زیادہ وقت ضائع ہوا۔ اور اس دوران دفتر کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ ایسی صورتوں میں مجبوراً ڈاؤن لوڈ کی ہوئی کاپی کو استعمال کرنے کی ضرورت پیش آگئی۔ اگر آپ غیر رسمی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی ہوئی کاپی کو استعمال کرنا چاہیں تو مختلف ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ نیز اس کا ڈاؤن لوڈنگ لنک ہم سے بھی منگوایا جاسکتا ہے۔
اس صورت میں مسئلہ رجسٹریشن کا ہوتا ہے۔ مائیکروسافٹ آفس کی یہ کاپی اکثر و بیش تر 7دن تک استعمال کی جاسکتی ہے اس کے بعد ایکٹیویشن کا مسئلہ پیدا ہونے لگتا ہے۔ اس مرحلے پر KMS Activator سافٹ وئیر کے ذریعے اسے عارضی طور پر ایکٹیویٹ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایکٹیویشن عموماً ایک ماہ کے لیے اور زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لیے ہوتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اسے دوبارہ یا بار بار بھی ایکٹیویٹ کیا جاسکتا ہے۔
یہ فائل کہاں سے حاصل کریں؟
اگر آپ یہ سافٹ وئیر ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہیں تو ہم سے BAHISEEN.COM MS Office Pack نامی فائل کا لنک منگوالیں اور ڈاؤن لوڈ کرلیں یا ڈاک خرچ بھیج کر ہم سے ڈی و ی ڈی منگوالیں۔ یہ فائل ایک مکمل پیکیج ہے۔ اس میں ایم ایس آفس کا ورژن 2013،KMS Activator، پاک اردو انسٹالر اور 7zip نامی سافٹ وئیر ڈال دیے گئے ہیں۔ نیز اگر آپ ڈی و ی ڈی منگواتے ہیں تو اس پیکیج میں راہ نمائی کے لیے متعلقہ ویڈیو بھی ڈال دی گئی ہے جن میں اسے استعمال کرنے کے تمام مراحل سمجھائے گئے ہیں۔ (یہ ویڈیو ہمارے یو ٹیوب چینل پر بھی موجود ہے) اس فائل کا لنک ویب سائٹ پر دینے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس لیے اگر آپ حضرات ڈاؤن لوڈ کرنا چاہیں تولنک طلب کیا جاسکتا ہے البتہ اگر آپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی دقت سے بچنا چاہیں تو مائیکروسافٹ آفس کی ڈی وی ڈی خرچ بھیج کرمنگوائی جاسکتی ہے۔
فائل کا سائز کتنا ہے؟
اس مکمل پیکیج کا سائز تقریباً ایک جی بی ہے جو آسانی کے ساتھ کسی بھی ڈیٹا کنیکشن کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ آفس 2013کے بعد 2016اور 2019 اور آفس260 بھی مارکیٹ میں موجود ہیں لیکن اس ورژن کے انتخاب کی وجہ یہ ہےکہ آپ آسانی سے انسٹال کرسکیں گے اور اگر چاہیں تو اس مکمل پیکیج سے ایک یا دو؛ صرف مطلوبہ ایپلی کیشن انسٹال کرسکیں گے۔ نیز اسے ایکٹیویٹ کرنے کے بعد بھی زیادہ پریشانی نہیں ہوگی اور آسانی سے ایکٹیویٹ ہوجائے گا۔ بعد والے ورژن کو ایکٹیویٹ کرتے ہوئے یا ایکٹیویٹ کرنے کے بعد میں مشکل بھی پیش آسکتی ہے۔ یہ بھی نوٹ کر لیں کہ اگر آفس 2013 کے بعد والا کوئی ورژن مثلا 2016 یا 2019 آپ پہلے سے استعمال کررہے ہیں اور وہ آپ کے پاس صحیح کام کررہا ہے تو وہی استعمال کرتے رہیں کیوں کہ وہی آپ کے لیے زیادہ بہتر ہے۔ اور ان سب سے اہم اور ضروری بات یہ کہ یہ سافٹ وئیر آپ کو تجارتی بنیادوں پر فروخت نہیں کیا جارہا لہذا استعمال کی مکمل ذمہ داری آپ پر ہی عائد ہوگی۔
مائیکروسافٹ آفس کا کون سا ورژن استعمال کریں؟
مائیکروسافٹ آفس 2020ءاب تک کا تازہ ترین ورژن ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ کچھ لوگ ابھی تک آفس 2006/2007 کی کاپی سنبھال کررکھتے ہیں۔ اگر آفس 2007استعمال کریں گے تو آپ کی فائل میں کی ہوئی سیٹنگ کسی بھی دوسرے کمپیوٹر میں کھلتے ہی خراب ہوسکتی ہے۔ نیز پرانے ورژن میں پی ڈی ایف بنانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے بہتر ہوگا کہ آپ کم از کم مائیکروسافٹ آفس 2016استعمال کریں یا پھر آفس 365ہی تلاش کریں جو سب سے بہتر ہے۔ یاد رہے کہ پرانے ورژن میں کوئی ایسی خاصیت نہیں جو نئے ورژن میں موجود نہ ہو۔ بلکہ پہلے سے بہتر اور آسان انداز میں موجود ہوتی ہے، لہذا پرانے ورژن استعمال کرنا کوئی خاص افادیت نہیں رکھتا۔
لہذا
ہم آخر میں ایک بار پھر آپ کو مشورہ دیں گے کہ پہلے تین ذرائع سے یہ سافٹ وئیر حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ خاص طور پر دوسرا اور تیسرا ذریعہ بہت ہی مناسب اور معقول ہے۔ رجسٹرڈ کاپی میں بہت سی اضافی سہولیات آپ کو ملتی ہیں۔ مثلاً اپنی فائل کو آن لائن محفوظ کرنا، نئی اپ ڈیٹس، انگلش کی طرح اردو کی آٹو پروف ریڈنگ جو کسی درجے میں قابل استعمال ہوتی ہے، نیز فائل کریش ہونے یا لاک ہونے کی صورت میں (بعض حالات میں) ریکوری کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ تو کیوں نہ بہتر کے حصول کے لیے کوشش کی جائے۔ لہذا اگر آپ پہلے تین ذرائع سے مائیکروسافٹ آفس کا سافٹ وئیر حاصل کرسکتے ہیں تو فوراً کرلیں۔ چوتھے ذریعے سے لنک حاصل کرنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کریں۔
مائیکروسافٹ آفس کو ڈاؤن لوڈ، انسٹال اور ایکٹیویٹ کرنے کا مکمل طریقہ سمجھنے کے لیے ہماری ویڈیو دیکھیں!
(اگر ویڈیو ڈیلیٹ ہوجائے یا نہ چل رہی ہو تو ہمارے واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کرلیں۔)